نئے سال کا شاندار آغاز: اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی، 100 انڈیکس 176 ہزار کی سطح عبور کر گیا

سال 2026 کے پہلے ہی روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کے بھرپور اعتماد کے باعث مارکیٹ نے نئی بلندیوں کو چھو لیا۔

کاروباری روز کے آغاز سے ہی پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں مثبت رجحان غالب رہا اور ایک موقع پر انڈیکس 1954 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 76 ہزار کی حد عبور کر گیا۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس مجموعی طور پر 2301 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 76 ہزار 355 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری دن کے دوران 100 انڈیکس 2220 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، جو مارکیٹ میں غیر معمولی سرگرمی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دوران مجموعی طور پر 1 ارب 40 کروڑ شیئرز کے سودے 48 ارب روپے مالیت میں طے پائے۔

مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 278 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 19 ہزار 968 ارب روپے ہو گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار رہا تھا اور 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 75 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کی تھی، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔

ماہرین کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری اور سرمایہ کاری کے بہتر امکانات کے باعث آئندہ دنوں میں بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے۔