مسلسل 4 روز کی کمی کے بعد سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ 5700 روپے مہنگا
ملک میں مسلسل چار روز تک کمی کے بعد سونے کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 5700 روپے مہنگا ہو گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اضافے کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 60 ہزار 262 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 887 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 94 ہزار 600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی ہے، جہاں سونا 57 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 379 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔
