سندھ کی تمام سرکاری ونجی جامعات  میں 16 سے 31 مارچ تک آن لائن کلاسز کا حکم

سندھ حکومت نے تمام سرکاری اور نجی جامعات میں 16 سے 31 مارچ تک کلاسز آن لائن کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیر جامعات سندھ اسماعیل راہو نے کہا کہ یہ فیصلہ عالمی سطح پر پیدا شدہ ایندھن بحران اور بچت کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ اسی دوران تمام سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور ایندھن کے کوٹے میں بھی 50 فیصد کٹوتی کی گئی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سندھ کی تمام جامعات فوری طور پر 60 فیصد گاڑیاں گراونڈ کریں۔ اس اقدام کا مقصد ایندھن کی بچت اور مالی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال اور بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے باعث سندھ حکومت نے پنجاب کے بعد جامعات میں کلاسز آن لائن کرنے اور اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ اقدام اگلے دو ماہ تک سرکاری محکموں کے ایندھن کی 50 فیصد کٹوتی کے ساتھ نافذ رہے گا۔