برآمدات میں کمی، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا
اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے باعث ملک کا تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبر کے دوران برآمدات میں 8.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اسی عرصے میں درآمدات میں 11.28 فیصد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں مجموعی طور پر 15 ارب 18 کروڑ ڈالر سے زائد کی برآمدات کی گئیں جبکہ اسی مدت میں 34 ارب 38 کروڑ ڈالر سے زائد کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں، جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ بڑھ کر تشویش ناک حد تک پہنچ گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں ملک نے 16 ارب 63 کروڑ ڈالر سے زائد کی برآمدات کی تھیں جبکہ اس دوران درآمدات کا حجم 30 ارب 90 کروڑ ڈالر رہا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ سال دسمبر کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دسمبر میں برآمدات میں 20 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، جبکہ اسی مدت کے دوران درآمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ برآمدات میں مسلسل کمی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر، کرنٹ اکاؤنٹ اور مجموعی معاشی استحکام کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بنتی جا رہی ہے، جس کے لیے فوری پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے۔
