پاکستان میں سونے کی قیمت نئی تاریخ رقم کرگئی، فی تولہ پہلی بار 5 لاکھ روپے سے تجاوز
کراچی: دنیا بھر میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونا 12 ہزار 700 روپے مہنگا ہو گیا، جس کے بعد سونے کی قیمت ملکی تاریخ میں پہلی بار 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 10 ہزار 888 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 44 ہزار 123 روپے کا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 127 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 840 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔
ادھر چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فی تولہ چاندی 64 روپے مہنگی ہو کر 9 ہزار 933 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، افراطِ زر اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں، جس کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔
