سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑا اضافہ، فی تولہ 9 ہزار 200 روپے مہنگا
ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 9 ہزار 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 64 ہزار 762 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 7 ہزار 888 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 98 ہزار 458 روپے کا ہو گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں سونا 92 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 424 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے باعث دو روز میں مجموعی طور پر سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔
