انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کا پاکستان میں پہلی بار مقامی کرنسی میں سرمایہ کاری کا اعلان
اسلام آباد: ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے پاکستان میں اپنی پہلی مقامی کرنسی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد زرعی شعبے کو مستحکم بنانا اور طویل المدتی مالی استحکام کو فروغ دینا ہے۔
منگل کو جاری کی گئی آئی ایف سی کی پریس ریلیز کے مطابق یہ سرمایہ کاری پاکستانی روپے میں 33 ارب 60 کروڑ روپے تک کی غیر فنڈڈ جزوی کریڈٹ گارنٹی کی صورت میں کی گئی ہے۔ اس کے تحت اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کو طویل المدتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔
آئی ایف سی کے مطابق یہ پاکستان میں اس کی پہلی مقامی کرنسی سرمایہ کاری ہے، جس کا مقصد مقامی اور غیر ملکی دونوں کرنسیوں میں طویل المدتی فنانسنگ تک رسائی میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ اقدام بالخصوص زراعت اور مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز جیسے اہم شعبوں میں معاشی ترقی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ یہ فنانسنگ مقامی سرمائے کو متحرک کر کے اینگرو فرٹیلائزرز کو زرعی ویلیو چین مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ اس سرمایہ کاری کو آئی ایف سی کینیڈا کی فیسلٹی فار ریزیلینٹ فوڈ سسٹمز کی جانب سے فراہم کردہ فرسٹ لاس کاؤنٹر گارنٹی کی حمایت بھی حاصل ہے۔
آئی ایف سی کے مطابق پاکستانی روپے میں فنانسنگ کے استعمال سے اینگرو فرٹیلائزرز کو آپریشنل استحکام حاصل ہوگا، جس کے نتیجے میں یوریا اور دیگر کھادوں کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی تاکہ قومی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
یہ فنانسنگ کسانوں کے لیے جاری اینگرو کے پروگراموں کی معاونت بھی کرے گی، تاکہ قابلِ اعتماد پیداوار اور زرعی ترقی کے اہداف کو یقینی بنایا جا سکے۔
پریس ریلیز کے مطابق زرعی شعبہ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا 24 فیصد، برآمدات کا 70 فیصد اور روزگار کا 40 فیصد فراہم کرتا ہے، جو ملکی معیشت میں اس کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔
اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی کے مطابق کمپنی ہمیشہ پاکستان کے اہم مسائل کو بامعنی انداز میں حل کرنے کے لیے کوشاں رہی ہے۔ انہوں نے مقامی سرمائے کے ذریعے زرعی ویلیو چین کو مضبوط بنانے کو کسانوں اور ملکی معیشت سے وابستگی کا عکاس قرار دیا۔
آئی ایف سی کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے ریجنل انڈسٹری ہیڈ اشرف مجاہد نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری مقامی کرنسی میں طویل المدتی فنانسنگ کے نئے راستے کھولے گی اور زرعی شعبے میں پائیدار ترقی اور مالی استحکام کو سہارا دے گی۔
یاد رہے کہ یہ اعلان اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان مقامی کرنسی میں نجی شعبے کی فنانسنگ بڑھانے کے معاہدے کے تقریباً دو ماہ بعد سامنے آیا ہے۔
