’آج پاکستان کی جیت ہوئی، پی آئی اے کو دوبارہ عظیم بنائیں گے‘، عارف حبیب

اسلام آباد: عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے قومی ائیر لائن پی آئی اے کی 135 ارب روپے میں خریداری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج پاکستان کی جیت ہوئی اور وہ پی آئی اے کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے محنت کریں گے۔

عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے اور بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب ہوں گے۔

انہوں نے حکومت پاکستان، پرائیویٹائزیشن کمیشن اور کابینہ کو شفاف عمل کے انعقاد پر سراہا اور اس عمل کا کریڈٹ دیا۔

عارف حبیب نے مزید کہا کہ اس ائیرلائن کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، اور اس سے پاکستان کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی شفاف نجکاری کے بعد نجکاری کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

خیال رہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی بولی کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگائی اور کامیابی حاصل کی۔

مشیر نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے اور حکومت کا مقصد صرف بیچنا نہیں بلکہ اسے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بولی سے حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد حصہ پی آئی اے کی بہتری اور اصلاحات پر خرچ کیا جائے گا تاکہ قومی ائیر لائن دوبارہ بہترین کارکردگی دکھا سکے۔