18 سالہ شادی کے خاتمے کے بعد دھنوش کی مرونال ٹھاکر سے شادی کی افواہیں، 14 فروری کی تاریخ زیرِ گردش

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری میں اداکار دھنوش اور اداکارہ مرونال ٹھاکر کی ممکنہ شادی کی افواہیں ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکار جلد شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں، جبکہ غیر مصدقہ اطلاعات میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ شادی 14 فروری کو انجام پائے گی۔

فلمی حلقوں میں گردش کرنے والی خبروں کے مطابق دھنوش اور مرونال کی شادی ایک نجی تقریب میں ہوگی، جس میں صرف قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ کی شرکت متوقع ہے۔ تاہم تاحال نہ تو دھنوش، نہ مرونال ٹھاکر اور نہ ہی ان کی ٹیموں کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید سامنے آئی ہے۔

یہ افواہیں اس لیے بھی خاص توجہ حاصل کر رہی ہیں کیونکہ دونوں اداکار اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ چند ماہ قبل بھی دونوں کے درمیان مبینہ تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں، جن پر مرونال ٹھاکر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ دھنوش ان کے صرف اچھے دوست ہیں۔

یاد رہے کہ ان افواہوں کا آغاز اس وقت ہوا جب فلم سن آف سردار 2 کی اسکریننگ کے دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں مبینہ طور پر مرونال اور دھنوش کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے اور آپس میں گفتگو کرتے دیکھا گیا۔ بعد ازاں مرونال کا دھنوش کی دونوں بہنوں کو انسٹاگرام پر فالو کرنا بھی قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دینے کا سبب بنا۔

واضح رہے کہ اداکار دھنوش نے سال 2022 میں اپنی اہلیہ ایشوریا رجنی کانتھ سے شادی کے 18 سال بعد علیحدگی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ان کی ذاتی زندگی مسلسل خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔