کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی میں جنوری کے آخر تک شدید سردی کا الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں شدید سردی اور برفباری کے امکان پر الرٹ جاری کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ دنوں میں جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں، ٹرانسپورٹ سروسز اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور پھسلن کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید سردی اور برفباری خاص طور پر بچوں، بزرگ شہریوں اور بیمار افراد کو متاثر کر سکتی ہے۔ میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم کے ساتھ کچھ مقامات پر کہرا بھی پڑنے کا امکان ہے۔ فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور برفباری والے راستوں پر گاڑیوں کے ٹائروں پر حفاظتی زنجیر لگانے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی صوبائی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو بھی پیشگی اقدامات اور ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔