وی وی آئی پی کی تیسری بیوی بننے پر ماہانہ 34 لاکھ، عالیشان گھر اور گاڑی کی پیشکش: ملائیشین اداکارہ کا تہلکہ خیز انکشاف
ملائیشیا کی معروف اداکارہ اور سابق بیوٹی کوئن ایمی نور ٹینی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بااثر وی وی آئی پی شخصیت نے انہیں اپنی تیسری بیوی بننے کے بدلے ماہانہ لاکھوں روپے، عالیشان گھر، گاڑی اور دیگر مراعات کی پیشکش کی، جسے انہوں نے صاف الفاظ میں مسترد کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 29 سالہ اداکارہ نے یہ انکشاف 25 دسمبر کو ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران کیا۔ ایمی نور ٹینی کے مطابق مذکورہ وی وی آئی پی نے انہیں ہر ماہ 50 ہزار ملائیشین رنگٹ (تقریباً 34 لاکھ پاکستانی روپے)، ایک بنگلہ، ایک گاڑی اور 10 ایکڑ زمین دینے کی پیشکش کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ اکثر کارپوریٹ ایونٹس کی میزبانی کرتی ہیں جہاں انہیں بااثر شخصیات سے ملنے کا موقع ملتا ہے۔ کئی افراد فون نمبر مانگتے یا ملاقات کی دعوت دیتے ہیں، تاہم ایک شخص نے حد پار کرتے ہوئے انہیں اپنی تیسری بیوی بننے کی پیشکش کر دی۔
ایمی نور ٹینی کے مطابق مذکورہ شخص کی عمر تقریباً ان کے والد کے برابر تھی، جس کی وجہ سے یہ پیشکش انہیں مزید ناگوار گزری اور انہوں نے فوراً انکار کر دیا۔
اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر خواتین کی خودمختاری، دولت کے ذریعے رشتوں کی خرید و فروخت، اور بااثر طبقے کے رویوں پر شدید بحث چھڑ گئی ہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے اداکارہ کے فیصلے کو سراہا ہے۔
