واشنگٹن میں جیفری ایپسٹین اور ڈونلڈ ٹرمپ کا مجسمہ نصب، تنازعہ پیدا
امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مجسمہ نصب کر دیا گیا ہے۔
نیشنل مال میں نصب ہونے والا یہ مجسمہ فلم ٹائی ٹینک کے مشہور منظر کی نقل ہے، جس میں ٹرمپ بازو پھیلائے کھڑے ہیں جبکہ ایپسٹین ان کے سامنے دکھایا گیا ہے۔ مجسمے کے ساتھ “Make America Safe Again” کا بینر بھی لگایا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، یہ گزشتہ سال ستمبر کے بعد یہاں نصب ہونے والا تیسرا مجسمہ ہے۔ مجسمے کا مقصد ٹرمپ اور سزا یافتہ جنسی مجرم ایپسٹین کے تعلقات کی طرف عوام کی توجہ دلانا ہے۔
نیوز ویک کے مطابق ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد ایپسٹین سے متعلق دستاویزات (Epstein Files) اور ٹرمپ کے ان سے تعلقات مسلسل تنازع کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ دونوں کے درمیان 1980 کی دہائی کے آخر سے 2000 کی دہائی کے اوائل تک قریبی دوستی رہی، جس کی تصدیق متعدد مشترکہ تصاویر کرتی ہیں۔
تاہم 2019 میں ایپسٹین کی گرفتاری کے بعد، ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس کے ساتھ کافی عرصہ پہلے اختلاف کر چکے تھے اور پچھلے 15 سال سے ان سے کوئی بات نہیں کی۔
یہ مجسمہ نہ صرف امریکی عوام بلکہ عالمی میڈیا میں بھی بحث کا موضوع بن گیا ہے اور اس نے ٹرمپ اور ایپسٹین کے تعلقات پر ایک بار پھر روشنی ڈالی ہے۔
