شمالی کوریا کا اسٹریٹجک کروز میزائلوں کا نیا تجربہ

شمالی کوریا نے ایک بار پھر اسٹریٹجک کروز میزائلوں کا تجربہ کیا ہے جسے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق اس تجربے کا معائنہ ملک کے سربراہ کم جونگ اُن نے منگل کو ویڈیو لنک کے ذریعے کیا۔

کم جونگ اُن نے اس موقع پر زور دیا کہ ملک کے لیے طاقتور اور قابلِ اعتماد جوہری ڈیٹیرنس کو برقرار رکھنا اور اسے مزید وسعت دینا انتہائی ضروری ہے۔

سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں کم جونگ اُن کی بیٹی جو اے کو بھی اس تجربے کی نگرانی کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

یہ تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جنوبی کوریا اور امریکا اس ہفتے اپنی سالانہ مشترکہ فوجی مشقیں شروع کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شمالی کوریا نے بحریہ کے ایک ڈسٹرائر جہاز سے اسٹریٹجک کروز میزائل کا تجربہ کیا تھا۔