دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں، مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی
پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے، جس کے لیے سول حکومت، انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک پیج پر ہیں اور مل کر اس ناسور کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
پریس سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، کورکمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ سول، فوجی اور قانون نافذ کرنے والے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں مختلف دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخوا میں بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات، فتنہ الخوارج کے خاتمے اور صوبے میں مکمل امن و استحکام کے لیے جامع لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی کے خلاف جامع پالیسی کی کامیابی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں، معززین اور وفاقی حکومت کے ساتھ مشترکہ مشاورت، باہمی تعاون اور عملی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اپنے تمام تر وسائل بشمول فوج، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کو بروئے کار لاتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ اعلامیے کے مطابق یہ طویل المدتی حکمت عملی دہشتگردی کے تمام محرکات کی نشاندہی، ان کے خاتمے اور عوامی اعتماد کی بحالی کو یقینی بنائے گی۔
حکومت خیبر پختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کو مرحلہ وار ماڈل گڈ گورننس اضلاع میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں ترقیاتی، سماجی اور معاشی خدمات کی فراہمی کے ذریعے محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے ایک منظم پروگرام کے تحت ان علاقوں میں سیکیورٹی، مواصلات، صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کے لیے خصوصی پیکج دیا جائے گا۔
فورم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پائیدار امن کے لیے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی مکمل دیکھ بھال، بحالی اور باعزت واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ امن صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور یہ مشترکہ جنگ صرف مشترکہ کوششوں سے ہی جیتی جا سکتی ہے۔
