کرک: ایف سی قلعے پر حملے میں 5 اہلکار زخمی،، زخمیوں کو لیجانے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ

خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں فیڈرل کانسٹیبلری کے قلعے پر کواڈ کاپٹر کے حملے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ زخمی اہلکاروں کو اسپتال لیجانے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 ریسکیو اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او کرک کے مطابق درگہ شہیدان کے علاقے میں ایف سی کے قلعے پر کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا گیا۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ کواڈ کاپٹر کے حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 5 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ زخمی ایف سی اہلکاروں کو اسپتال لیجانے والی ایمبولینس پر بھی مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ریسکیو کے 2 اہلکار زخمی ہوئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔