پشاور: اسلامیہ کالج میں طالبات اور مرد اساتذہ کے درمیان ہر قسم کے رابطے پر مکمل پابندی، گائیڈ لائنز جاری

پشاور میں خیبرپختونخوا کی سرکاری جامعات میں نئی پالیسی کے تحت اسلامیہ کالج نے طالبات اور مرد اساتذہ کے دفاتر میں ملاقات سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

اسلامیہ کالج کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق طالبات کا مرد اساتذہ کے ساتھ ہر قسم کا براہِ راست رابطہ مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے، جبکہ طلبا اور طالبات کے مسائل کے حل کے لیے مرد اور خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز کو علیحدہ علیحدہ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مرد اساتذہ کے دفاتر میں طالبات اور خواتین اساتذہ کے دفاتر میں طلبا کے داخلے پر پابندی ہوگی، جبکہ کسی بھی فیکلٹی ممبر سے ملاقات کے لیے پیشگی این او سی حاصل کرنا لازم ہوگا۔

مزید کہا گیا ہے کہ امتحانات سے متعلق تمام مسائل طلبا شکایات کمیٹی کو ارسال کیے جائیں گے۔