لیجنڈری گلوکار مہدی حسن مرحوم کے بیٹے سجاد مہدی دل کا جان لیوا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
لیجنڈری گلوکار اور شہنشاہِ غزل مہدی حسن مرحوم کے صاحبزادے سجاد مہدی دل کا جان لیوا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق سجاد مہدی لاہور میں مقیم تھے جہاں اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انتقال کی وجہ دل کا شدید دورہ بنی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ کل بروز منگل بعد از نمازِ ظہر پی آئی اے کالونی میں ادا کی جائے گی، جس میں عزیز و اقارب، فنکار برادری اور مداحوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
سجاد مہدی کے انتقال پر فن، موسیقی اور ثقافت سے وابستہ حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
