کراچی ائیرپورٹ اور اطراف کی سکیورٹی سخت، مسافروں کو بروقت پہنچنے کی ہدایت

کراچی: سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور اس کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رینجرز، پولیس اور ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (ASF) کے اضافی دستے ائیرپورٹ کی حدود اور اطراف کی سڑکوں پر تعینات ہوں گے۔ ائیرپورٹ پر صرف مسافروں کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ بلاوجہ آنے والوں کو گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید برآں پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے دفاتر سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کالونی میں صرف ملازمین اور رہائشیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ پی آئی اے ٹاؤن شپ کی سڑک سے ائیرپورٹ، پی آئی اے ہیڈ آفس اور اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کی جانب آمدورفت محدود کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سخت چیکنگ کے باعث تاخیر سے بچنے کے لیے فلائٹ سے کافی پہلے ائیرپورٹ پہنچیں۔

اہم نکات:

  • کراچی ائیرپورٹ اور اطراف میں سکیورٹی ہائی الرٹ
  • اضافی رینجرز، پولیس اور اے ایس ایف اہلکار تعینات
  • صرف مسافروں کو ائیرپورٹ میں داخلے کی اجازت
  • مسافروں کو وقت سے پہلے پہنچنے کی ہدایت