سہیل آفریدی: پولیس پر 9 مئی سے متعلق دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سیاست میں نہ گھسیٹیں

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پولیس پر 9 مئی سے متعلق دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم صوبائی پولیس کسی سیاسی دباؤ کے بغیر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ جو لوگ پولیس پر دباؤ ڈال رہے ہیں، وہ ایسا نہ کریں اور پولیس کو سیاست میں مت گھسیٹیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے دور رکھا گیا ہے اور پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہو رہی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے گزشتہ 22 سالوں میں قربانیاں دی ہیں اور آج بھی دے رہی ہے۔ انہوں نے پولیس کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "مجھے اپنی پولیس پر فخر ہے" اور کہا کہ سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ ہماری کان اور آنکھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ضم اضلاع سمیت پورے صوبے میں سیف سٹی پروجیکٹس جلد شروع کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف ان کی جدوجہد جاری ہے اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے امن قائم نہ ہو سکا۔