حکومت کا بڑا فیصلہ: تمام برآمدی اشیاء پر ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج ختم

وفاقی حکومت نے تمام برآمدی اشیاء پر نافذ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔ ایف بی آر نے اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے اور درخواست کی ہے کہ تمام بینکوں کو اس سرچارج کی وصولی روکنے کی ہدایت جاری کی جائیں۔

اسٹیٹ بینک نے فوری طور پر تمام بینکوں کے سربراہان اور فارن ایکسچینج ڈیلرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے برآمدات پر ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج کی وصولی روکنے کے احکامات جاری کر دیے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا گزشتہ 5 سال کا تھرڈ پارٹی آڈٹ عالمی معیار کے مطابق کرایا جائے اور موجودہ فنڈ کو برآمدات میں اضافے، ورک فورس کی ٹریننگ اور عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جائے۔

حکومتی فیصلے کو برآمدی صنعت اور کاروباری برادری کی جانب سے مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔