اسٹیٹ بینک کا بڑا فیصلہ: شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی، نئی شرح 10.50 فیصد مقرر

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی کر دی ہے، جس کے بعد سود کی نئی شرح 10.50 فیصد مقرر ہو گئی ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ مانیٹری پالیسی بیان کے مطابق یہ فیصلہ معاشی صورتحال اور مہنگائی کے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کی جانب سے توقع کی جا رہی تھی کہ شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھا جائے گا، تاہم مانیٹری پالیسی کمیٹی نے غیر متوقع طور پر شرح سود میں کمی کا اعلان کر دیا۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے اس سے قبل مئی 2025 میں شرح سود میں 100 بیسز پوائنٹس کی کمی کی تھی، جس کے بعد مسلسل کئی پالیسی اعلانات میں شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی نمو کو تقویت ملنے کا امکان ہے، تاہم مہنگائی پر اس کے اثرات کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔