یوٹیوب میں نئے 'Create Mode' کا آغاز، شارٹس بنانے کے لیے جدید ٹولز دستیاب
اسلام آباد: یوٹیوب اپنی موبائل ایپ میں نئے Create Mode کی آزمائش کر رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے شارٹس اور دیگر مواد کی تیاری مزید آسان بنائی جا سکے۔
اینڈرائیڈ پولیس کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا موڈ ایپ میں پلس آئیکون پر کلک کرنے سے اوپن ہوگا اور صارفین کو مواد کی تخلیق کے لیے متعدد ٹولز فراہم کرے گا۔ ان ٹولز میں تصاویر، ویڈیو کلپس، گرین اسکرین بیک گراؤنڈز، میوزک ٹریکس اور دیگر شامل ہیں۔
کمپنی نے اڈوب کے ساتھ شراکت داری کر رکھی ہے تاکہ مختصر ویڈیوز کی تیاری آسان ہو اور اب یہ نیا موڈ صارفین کو شارٹس بنانے میں مدد دے گا۔ رپورٹ کے مطابق اس میں AI پر مبنی ٹولز بھی دستیاب ہوں گے، جو ممکنہ طور پر صارفین کو تصاویر اور ویڈیوز بنانے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔
گوگل نے اس وقت یہ نہیں بتایا کہ یہ AI ٹولز کس طرح کام کریں گے یا مستقبل میں اور کون سے غیر AI ٹولز شامل ہوں گے۔ اس فیچر کا مقصد صرف شارٹس بنانے کے نئے ذرائع کی آزمائش کرنا ہے۔
یہ نیا Create Mode فی الحال محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے اور وقت کے ساتھ مزید صارفین کے لیے جاری کیا جا سکتا ہے۔
