ایران میں بچیوں کے اسکول پر حملےکا ذمہ دار مکمل طور پر امریکا ہے، امریکی اخبار
امریکی اخبار نے رپورٹ دی ہے کہ ایران میں شجرہ طیبہ ایلیمینٹری اسکول پر ہونے والے حملے کا مکمل ذمہ دار امریکا ہے۔ اس حملے میں 150 سے زائد بچوں اور بچیوں سمیت مجموعی طور پر 175 افراد شہید ہوئے تھے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسکول پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا تھا، تاہم تازہ رپورٹ امریکی فوج کی ہدف بندی میں غلطی کو مرکزی سبب قرار دیتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو امریکی ٹوما ہاک میزائل کے ذریعے ہونے والے حملے میں امریکی فوج قریب ہی واقع ایک ایرانی فوجی اڈے کو نشانہ بنا رہی تھی، لیکن اسکول غلطی سے ہدف بن گیا۔
امریکی فوج کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ میزائل حملے کے لیے پرانے ڈیٹا کا استعمال کیا گیا، جو اس بھیانک غلطی کا باعث بنا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے افسران نے ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کی طرف سے فراہم کردہ ڈیٹا ڈبل چیک نہ کرنے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
امریکی اخبار کے مطابق یہ حالیہ عشروں کی سب سے بڑی فوجی غلطی ہے اور چونکہ ٹوما ہاک میزائل صرف امریکی فوج استعمال کر رہی ہے، اس لیے امریکا کو ہی اس حملے کا مکمل ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔
تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں اور کئی سوالات کے جواب ابھی سامنے نہیں آئے، جیسے کہ پرانے ڈیٹا کو کیوں ڈبل چیک نہیں کیا گیا۔
_20260311101736113.webp)