ایرانی حملوں کے خدشات کے باوجود امریکی بحریہ شپنگ انڈسٹری کی درخواستیں مسترد کرتی رہی
امریکی بحریہ نے شپنگ انڈسٹری کی بار بار درخواستوں کے باوجود آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی حملوں کے خطرے کے باعث امریکی بحریہ فی الحال آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو فوجی تحفظ فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے شپنگ انڈسٹری کی جانب سے تقریباً روزانہ بحری اسکواڈ کے ذریعے جہازوں کی حفاظت کی درخواستیں کی جا رہی ہیں، تاہم امریکی بحریہ نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی بحریہ نے شپنگ اور آئل کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی بریفنگز میں واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں جہازوں کو بحری اسکواڈ فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔
یہ صورتحال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان سے مختلف ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر امریکا جہازوں کو بحری تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
