وزیراعلیٰ پنجاب کا سی سی ڈی کو پریمیئر انویسٹی گیشن ایجنسی بنانےکا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz نے Crime Control Department (CCD) کو ملک کی پریمیئر انویسٹی گیشن ایجنسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق جدید فارنزک ٹیکنالوجی، تفتیشی مہارتوں، مشینری اور آلات کے ذریعے سی سی ڈی کو پاکستان کے جدید ترین تحقیقاتی اداروں میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ادارے کو مجرموں کا سراغ لگانے اور ان کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید ترین آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق جرائم کے خاتمے اور عوامی پذیرائی کے باعث سی سی ڈی کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا اور اسے دنیا کے پانچ بہترین کرائم کنٹرول اداروں کی طرز پر استوار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سی سی ڈی میں جدید تحقیقی مرکز قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی ڈی کے لیے جدید ترین ہیڈکوارٹر کی منظوری بھی دے دی ہے۔ منصوبے کے تحت ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں سی سی ڈی کے دفاتر، تھانے اور رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی اسلحے کی روک تھام کے لیے نیا قانون بھی متعارف کروایا جائے گا۔
حکومتی بیان کے مطابق سی سی ڈی کے اقدامات کے نتیجے میں قتل اور خواتین کے خلاف جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ ڈکیتی کی وارداتوں میں 77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خواتین پر تیزاب پھینکنے جیسے سنگین جرائم کے خلاف کارروائی کے لیے بھی خصوصی ٹاسک سی سی ڈی کو سونپ دیا ہے۔
