آئی جی پنجاب کا صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، فوری سوئپ اور کومبنگ آپریشنز کا حکم

لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے فوری طور پر سوئپ اور کومبنگ آپریشنز شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

اس حوالے سے لاہور میں ان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، ملتان سمیت تمام بڑے شہروں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے احکامات دیے کہ صوبے بھر میں پولیس کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کے ساتھ مشترکہ کومبنگ آپریشنز کریں گے۔

اجلاس کے دوران تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ:

  • تعلیمی اداروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں
  • اداروں میں سیکیورٹی گارڈز کی موجودگی یقینی بنائی جائے
  • ایمرجنسی انخلا کے لیے مناسب انتظامات فوری طور پر کیے جائیں
  • سی ٹی ڈی اور پولیس افسران تعلیمی اداروں میں فرضی مشقیں (Mock Drills) بھی کرائیں

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبے میں باہر سے آنے والے افراد کی فوری پروفائلنگ اور ڈیٹا ویری فکیشن کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹی ایل پی سمیت تمام کالعدم تنظیموں کی مانیٹرنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے،

جبکہ دہشت گرد اور شرپسند عناصر کے خلاف ڈور ناکنگ اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق صوبے میں امن و امن کے قیام کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھیں گے۔