خضدار، وڈھ: گھر پر دستی بم حملے میں 8 سالہ بچہ جاں بحق، 6 افراد زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تحصیل وڈھ میں پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے سندھ کے علاقے کشمور سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں کے گھر کو نشانہ بنایا۔ دونوں بھائی وڈھ میں کھیتوں پر محنت مزدوری کرتے ہیں اور ان کے اہلِ خانہ بھی ان کے ساتھ مقیم تھے۔
حملے میں جاں بحق ہونے والے بچے کی عمر 8 سال بتائی جا رہی ہے، جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی عملے کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاشی جاری ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور مقامی افراد نے حکومت سے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔
