ژوب میں سکیورٹی فورسز کے دو آپریشنز، 18 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک
اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 18 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 24 فروری کو ژوب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 8 خوارج مارے گئے۔
بیان کے مطابق 25 فروری کو ضلع ژوب میں ایک جامع کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کا مقصد بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے چھپے ہوئے عناصر کو تلاش کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مختلف راستوں پر خوارج کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا اور ان کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 10 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، اور وہ علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
