جنوبی وزیرستان کے وانا رستم بازار میں دھماکا، 2 پولیس اہلکار شہید، 18 شہری زخمی

وانا کے علاقے رستم بازار میں بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا سپر مارکیٹ کے گیٹ کے قریب نصب بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا۔ واقعے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکار زخمی ہوئے۔

ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کے مطابق دھماکے میں 18 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال وانا منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔