افغانستان سے پاکستان منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 1.2 ٹن چرس برآمد، 2 افراد گرفتار

گوادر: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1.2 ٹن اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ اطلاع ملی تھی کہ اسحاق بلوچ کی قیادت میں سرگرم بین الاقوامی گروہ بڑی مقدار میں منشیات پنجگور سے تربت منتقل کر کے بعد ازاں ساحلی راستوں سے بیرونِ ملک اسمگل کرنے والا تھا۔

پنجگور–تربت قومی شاہراہ (ایم 8) پر مشتبہ ٹرک کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے خفیہ خانوں سے 1200 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 66.15 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ منشیات افغانستان سے پاکستان منتقل کی گئی تھی، اور گوادر و پسنی کے ساحلی علاقوں سے تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے خلیجی ممالک، یمن اور تنزانیہ بھیجنے کی منصوبہ بندی تھی۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ گروہ کے سرغنہ اسحاق بلوچ اور دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔