بلوچستان حکومت نے کوئٹہ کے ریڈ زون کو محفوظ بنانے کے لیے کنکریٹ دیوار تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے شہر کے حساس ریڈ زون کو محفوظ بنانے کے لیے کنکریٹ دیوار تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ فیصلہ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ پہلے مرحلے میں ایدھی چوک پر کنکریٹ دیوار لگائی جائے گی اور بعد ازاں ریڈ زون میں داخل ہونے والے دیگر تمام راستوں پر دیوار تعمیر کی جائے گی۔

سیکرٹری بابر خان نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کی حفاظت اور اہم سرکاری دفاتر کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہے۔

دوسری جانب، کوئٹہ میں 31 جنوری کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت پشین اسٹاپ، انسکمب روڈ اور اسپنی لنک روڈ کی سڑکیں بند اور ون وے کر دی گئی ہیں، جس سے شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔