حکومت بلوچستان: کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں صورتحال معمول پر، بعض علاقوں میں آپریشن جاری

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے اعلان کیا ہے کہ کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں صورتحال معمول پر آ گئی ہے، تاہم شہر کے بعض علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی آپریشن جاری ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ کوئٹہ میں آپریشن کے دوران 100 مشتبه افراد کو حراست میں لیا گیا اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ شہر میں آج انٹرنیٹ ڈیٹا بحال ہو جائے گا، مگر جہاں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن جاری ہے وہاں انٹرنیٹ سروس متاثر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوشکی میں جن سڑکوں کو نقصان پہنچا تھا، ان کی بحالی کا کام جاری ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات نے بتایا کہ نوشکی اور مستونگ میں جیل پر حملوں کے دوران تقریباً 60 قیدی فرار ہوئے جن کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ پنجگور اور ہرنائی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 216 دہشتگرد ہلاک ہوئے،

جس سے بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو شدید دھچکا لگا اور قیادت سمیت کمانڈ سسٹم تباہ ہو گیا۔