بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گرد ہلاک، بھاری اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم برآمد
کوئٹہ/اسلام آباد: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور بینک ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری 2026 کو ضلع ہرنائی میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر پہلا آپریشن انجام دیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 30 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک ہوئے، اور فورسز نے موقع پر بھاری اسلحہ اور دھماکا خیز مواد تلف کیا۔
دوسرا آپریشن ضلع پنجگور میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کیا گیا۔ اس کارروائی میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے، اور ان کے قبضے سے 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی کی رقم بھی برآمد کی گئی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری رفتار سے جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
_20260130050422153.webp)