بلوچستان: نصیرآباد میں ریلوے ٹریک دھماکے سے متاثر، سیکیورٹی فورسز سرچ آپریشن میں مصروف

بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے علاقے نوتال پولیس تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ کے قریب ریلوے ٹریک کو نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے سے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوئی ٹرین گزرنے والی نہیں تھی، جس کی بدولت بڑا حادثہ ٹل گیا۔

دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر دی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا تاکہ ملزموں کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔

ریلوے حکام نے متاثرہ حصے کی فوری مرمت کا آغاز کر دیا، اور ٹرینوں کی آمدورفت جلد بحال ہونے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں ریلوے انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی ادارے عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاعات فوری طور پر قریبی پولیس کو فراہم کریں۔