بلوچستان سردی کی لپیٹ میں، شمالی اضلاع میں شدید سرد موسم اور میدانی علاقوں میں دھند کا راج

کوئٹہ: بلوچستان کے بیشتر اضلاع شدید سرد موسم کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی اور میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے شمالی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ صبح کے اوقات میں ڈیرہ بگٹی، کوہلو، ڈیرہ مراد جمالی، جعفر آباد، نصیر آباد، جھل مگسی، سبی اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں منفی 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح زیارت میں صفر، ژوب میں 4، سبی میں 6 اور تربت میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوئے۔ نوکنڈی میں 9 اور چمن میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے گئے۔

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی سرد موسم رہا، جہاں گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 اور جیوانی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دھند اور سرد موسم کے دوران احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔