بنگلادیش نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی
ڈھاکا: بنگلادیش نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ڈھاکا کے شیربنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 115 رنز کا ہدف باآسانی 15.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بنگلادیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ نجم الحسین شنتو 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلادیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صاحبزادہ فرحان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ شمائل حسین صرف 4 رنز بنا سکے۔ معاذ صداقت بھی اپنے ڈیبیو میچ میں 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیشی بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث پاکستان کی پوری ٹیم 30.1 اوورز میں 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جو بنگلادیش کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کا کم ترین اسکور بھی ہے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد رضوان 10، سلمان آغا 5، حسین طلعت 4، عبدالصمد صفر، شاہین آفریدی 4 اور محمد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلادیش کے ناہید رانا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز نے 29 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو کیا جن میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبدالصمد اور شمائل حسین شامل ہیں۔ 2008 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کی جانب سے ایک ساتھ اتنے کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو کیا۔
