محسن نقوی کا قومی ہاکی ٹیم کے بے روزگار کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینے کا اعلان

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے بے روزگار کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینے کا اعلان کر دیا جبکہ زخمی ہاکی پلیئرز کے علاج کے اخراجات بھی پی سی بی برداشت کرے گا۔

قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید بھی موجود تھے۔

چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کو 8 برس بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کے حوصلے کو سراہا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بے روزگار ہاکی کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ زخمی کھلاڑیوں کے علاج کا بندوبست بھی پی سی بی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے کی طرح ہاکی پلیئرز کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے ہاکی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات کے بعد ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور کپتان عماد بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کی بھرپور سپورٹ نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔