کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی بڑی کارروائی، 25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط

کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ قلات کے تعاون سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پچیس کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کر لیا۔

ایف بی آر کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے سامان میں غیر ملکی چھالیہ اور کپڑا شامل ہے جو غیر قانونی طور پر ملک میں اسمگل کیا جا رہا تھا۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے سامان کی قیمت، انشورنس اور فریٹ (CIF ویلیو) مجموعی طور پر 25 کروڑ 13 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت قومی معیشت کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے، اسی لیے ایف بی آر کسٹمز انفورسمنٹ کے ذریعے اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایف بی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ غیر قانونی تجارت کے مکمل خاتمے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔