لاہور: نئی گھریلو ملازمہ پہلے ہی روز 80 لاکھ کے زیورات اور گھڑیاں لے اڑی

لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے نشتر کالونی میں نئی گھریلو ملازمہ پہلے ہی روز مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور قیمتی گھڑیاں چوری کرکے فرار ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ملازمہ اپنی بہن کے ہمراہ پہلے دن کام پر آئی اور موقع ملتے ہی گھر سے تقریباً 11 تولے سونے کے زیورات اور پانچ قیمتی گھڑیاں چرا لیں۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق چوری شدہ سامان کی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازمہ کو گھر کے مالی نے کام پر رکھوایا تھا۔ واردات کے بعد مالی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

پولیس کے مطابق یہ واردات 27 فروری کو پیش آئی، جس کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔