بلوچستان کے 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے حملے ناکام، 67 دہشتگرد ہلاک، 10 سکیورٹی اہلکار شہید
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے ناکام بناتے ہوئے 67 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کو روکنے کے لیے سکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں دشمن کے تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صبح سے اب تک ہونے والے مختلف مقابلوں میں فتنہ الہندوستان کے 67 دہشتگرد ہلاک ہوئے، تاہم ان جھڑپوں کے دوران سکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 بہادر جوان شہید ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے گوادر میں بلوچ مزدور خاندان کو بھی نشانہ بنایا، جہاں خضدار سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے 5 افراد کو شہید کر دیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں جو محنت مزدوری کے لیے گوادر آئے تھے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران پنجگور اور شعبان کے علاقوں میں 41 دہشتگرد مارے جا چکے تھے، جس کے بعد بلوچستان میں جہنم واصل کیے جانے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 108 ہو گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد بھارتی ایما پر بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید تعاقبی کارروائیاں اور فضائی نگرانی کا عمل مسلسل جاری ہے۔
_20260131052823565.webp)