بلوچستان میں خون جما دینے والی سردی، پائپ لائنوں اور سڑکوں پر پانی منجمد
بلوچستان میں شدید سردی، پائپ لائنوں میں پانی جم گیا اور زندگی مفلوج
بلوچستان کے شمالی اور بالائی علاقوں میں شدید سردی نے عوام کی زندگی مفلوج کر دی ہے۔ کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت میں گھروں کی پائپ لائنوں میں پانی جم گیا، جبکہ تالابوں اور سڑکوں پر بھی پانی منجمد ہوگیا ہے۔
شہریوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، اور کوئٹہ-زیارت شاہراہ کئی مقامات پر برف سے ڈھکی ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے اگلے 24 گھنٹوں کے لیے سیاحوں کی زیارت جانے پر پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ این 50 ژوب ہائی وے بھی کئی مقامات پر بند ہے۔
چمن، قلعہ عبداللہ، زیارت، پشین، توبہ اچکزئی اور دیگر علاقوں میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے، بالائی اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔
انتظامیہ نے نمک پاشی اور جدید مشینری کے ذریعے سڑکوں سے برف ہٹانے کے آپریشن شروع کر دیے ہیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے مطابق بالائی علاقوں میں پھسلن سے بچاؤ کے لیے نمک پاشی جاری ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
