پنجگور سے تربت: اے این ایف کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگلنگ ناکام، ایک ملزم گرفتار
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) بلوچستان نے ایک بڑی کارروائی کے دوران پنجگور سے تربت منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ اے این ایف نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع کیچ کے سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب کارروائی کی، جس میں گاڑی کی تلاشی کے دوران پلاسٹک کے کینز میں چھپائی گئی منشیات برآمد کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق برآمد شدہ منشیات میں 99 کلو آئس، 50 کلو افیون اور 73 کلوگرام چرس شامل ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 3 کروڑ 26 لاکھ روپے بنتی ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم گرفتار کیا گیا اور مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن اے این ایف منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائی منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف ادارے کے فرنٹ لائن کردار کی عکاس ہے۔ ملک بھر میں اے این ایف نے 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کیا اور مجموعی طور پر 202.71 کلوگرام منشیات ضبط کیں، جس کی مالیت 2 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیوں میں اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جبکہ دو ملزمان گرفتار ہوئے۔ قصور، نوشہرہ، راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں بھی متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن میں بڑی مقدار میں چرس اور ویڈ ضبط کی گئی۔
ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
