گوادر علاقائی تجارت اور عالمی رابطہ کاری کا اسٹریٹجک مرکز بنتا جا رہا ہے، احسن اقبال

گوادر میں سیمینار اور ایگزیبیشن ’’گوادر جدید ساحلی شہر 2026‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال مہمانِ خصوصی تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ گوادر پاکستان کو عالمی تجارتی نظام سے جوڑنے والا ایک اسٹریٹجک راستہ بن رہا ہے۔ انہوں نے گوادر بندرگاہ کی صنعتی و تجارتی ترقی کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت شہر کو جدید بندرگاہی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

سیمینار میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، پالیسی ساز اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی اور سرمایہ کاری، سکیورٹی، پائیدار ترقی اور پالیسی سازی پر تفصیلی گفتگو کی۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ گوادر علاقائی تجارت، بندرگاہی معیشت اور عالمی رابطہ کاری کا ایک اہم اسٹریٹجک مرکز بنتا جا رہا ہے۔

ایم ڈی پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمٰن رانا نے گوادر کے سیاحتی امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر مستقبل میں پاکستان کی ٹورازم انڈسٹری کا اہم مرکز بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر محمد جمیل احمد نے گوادر پورٹ میں علاقائی تجارت اور لاجسٹکس کے مرکز بننے کی صلاحیت پر زور دیا، جبکہ ڈاکٹر حسن داؤد بٹ نے صنعتی ترقی اور اسپیشل اکنامک زونز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ڈین نسٹ یونیورسٹی ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے مقامی آبادی کے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سماجی ترقی پر زور دیا۔

شرکاء نے گوادر سیمینار 2026 کو پاکستان کی قومی معاشی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔