کابل میں دھماکا، طالبان انٹیلی جنس چیف کے معاون مولوی نعمان جاں بحق

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک دھماکے میں افغان طالبان کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ عبد الحق واثق کے معاون مولوی نعمان جاں بحق ہو گئے۔

افغان میڈیا نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعہ جمعے کے روز کابل کے علاقے بوٹخاک میں پیش آیا، جہاں مولوی نعمان کے گھر کے اندر اچانک دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں مولوی نعمان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔ افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دھماکا گیس سلنڈر میں نصب بارودی مواد کے پھٹنے کے باعث ہوا، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی جا سکی۔

تاحال طالبان حکام کی جانب سے واقعے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی دھماکے کے پسِ پردہ عوامل کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔