پڑوسی ملک نے بابرکت ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے حملہ کیا، پاک فوج نے مؤثر جواب دیا: شاہد آفریدی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آپریشن “غضب للحق” کے تناظر میں پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابرکت ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پڑوسی ملک نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر حملہ کیا، جس کا ہماری بہادر فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے پرامن انداز میں حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک نے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی، تاہم تمام خلوص کے باوجود دراندازی اور جارحیت کا سلسلہ جاری رہا۔

سابق کپتان نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہماری دعا ہے کہ رمضان المبارک میں ہم عبادت میں مصروف رہیں، نہ کہ ایک دوسرے کا خون بہائیں۔ افسوس کہ اس مقدس مہینے میں پاکستان پر حملہ کیا گیا، تاہم پاک فوج نے مؤثر جواب دے کر سرزمین اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں افغان عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو سمجھنا ہوگا کہ بھارت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔