بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل، 216 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جاری بڑے انسدادِ دہشتگردی آپریشن ردالفتنہ-1 کو کامیابی سے مکمل کرلیا، جس کے دوران 216 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پنجگور اور ہرنائی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتیجے میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا جبکہ دہشتگردوں کی قیادت اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔ آپریشن کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے غیر ملکی اسلحہ، بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور جدید آلات برآمد ہوئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کو بیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کیے جانے کے ٹھوس شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران دہشتگردی کی کارروائیوں میں 36 معصوم شہری شہید ہوئے جبکہ مادرِ وطن کے دفاع میں 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔