آپریشن ردالفتنہ بلوچستان میں خونریزی اور انتشار پھیلانے والوں کیلئے واضح پیغام ہے: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرستوں کو واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ بلوچستان میں خونریزی اور انتشار پھیلانے والوں کے لیے ایک فیصلہ کن اور واضح پیغام ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بی ایل اے ایک فتنہ ہے جو معصوم شہریوں اور مزدوروں کو نشانہ بناتا ہے اور بھارت کی ایماء پر پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی وحدت، ترقی اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ فتنہ انگیزی کی ہر کوشش کا مؤثر، سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ریاست مضبوط ہے اور پوری قوم متحد ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف اٹھنے والا ہر ہاتھ قانون کے مطابق نہ صرف پوری طاقت سے روکا جائے گا بلکہ ہمیشہ کے لیے توڑ دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی اور انتشار پھیلانے والوں کے خلاف ریاستی کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا: انشاءاللہ، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔
