پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھارتی پراکسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ مارے گئے خوارج علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور سیکیورٹی فورسز کو طویل عرصے سے مطلوب تھے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔