بلوچستان میں شدید سردی کی ممکنہ لہر، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

بلوچستان میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، پوٹھوہار ریجن اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق کوئٹہ، زیارت، قلات اور گرد و نواح کے علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید سردی کے باعث سانس کی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گرم لباس کا استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔

اتھارٹی کے مطابق سردی کی شدید لہر کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے، جس کے پیش نظر کاشتکاروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ موسمی صورتحال اور ممکنہ شدید دھند کے باعث میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتی جائے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور عوام کو پیشگی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔