قلات میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد ہلاک

قلات: بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس کے دوران دہشتگردوں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

فوج کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور غیر ملکی سرپرستی کے تحت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سرگرمیوں میں شامل رہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرست دہشتگرد کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی معاونت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔